بھمبر کی خبریں چوہدری خالد حسین سے 10/11/2014

Bhimber

Bhimber

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) بھمبر اندرون شہر سے لاری اڈے ایک ہی جگہ منتقل کر کے جنرل بس اسٹینڈ قائم کیا جائے اندرون شہر مختلف حصوں میں قائم بس اڈے اور ویگن اسٹینڈ کے باعث شہریوں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا انتظامیہ نوٹس لے شہریوں اور مسافروں کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق بھمبر شہر کے اندرونی علاقوں میں تین مختلف علیحدہ علیحدہ جگہوں پر بس اڈے اور ویگن اسٹینڈ قائم ہیں جہاں پر مسافر گاڑیاں مختلف روٹس پر جانے کیلئے ستیاب ہوتی ہیں ایک اڈے سے دوسرے اڈے تک جانے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بالخصوص عورتیں ، بچے اور بوڑھے افراد کو شدید اذیت کا سامنا ہے ایک اڈے سے دوسرے اڈے جانے کیلئے مسافروں کو رکشورں کا اضافی کرایہ ادا کرنا پڑ رہا ہے بھمبر کے شہریوں اور مختلف روٹس پر سفرکرنے والے مسافروں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھمبر گجرت، بھمبر راولپنڈی، بھمبر سماہنی، بھمبر سیالکوٹ، بھمبر سرگودھا، بھمبر میرپور سمیت دیگر روٹس پر چلنے والی مسافرگاڑیوں کے تین مختلف اڈوں سے چلنے کے باعث ہمیں شدید مشکلات کا سامنا ہے شہر میں 3 جگہوں پر قائم بس اور ویگن اسٹینڈ ختم کر کے ایک ہی جگہ پر جنرل بس اسٹینڈ قائم کیا جائے جہاں پر مختلف روٹس پر جانے والی ٹرانسپورٹ ایک ہی جگہ دستیاب ہو انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بھمبر کے عوام کو درپیش دیرنیہ مسئلہ کے حل کیلئے اقدمات اٹھائیں اور ایک ہی جگہ جنرل بس اسٹینڈ کے لئے عوامی مطالبہ پورا کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) کشمیر فریڈم موومنٹ کے سینئر نائب صدر حاجی محمد یاسین ، چوہدری غلام حسین صدر برطانیہ زون، ڈاکٹر مظہر کیانی، حاجی حمید، انجینئر سردار آفتاب احمد، زاہد احمد کلیال، آفتاب حسین، اظہر احمد، منظور ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر مسعود رضا اور حاجی نواز نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ چوہدری عبدالمجید آزاد جموں و کشمیرکی وزارت عظمیٰ کے عہدے کی توہین کر مرتکب ہو رہے ہیں ان کی برطانیہ میں حالیہ سرگرمیاں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے آئینی، سیاسی اور سفارتی کردار کے معیار کے منافی ہیں برطانیہ میں آباد کشمیریوں کیلئے ان کا تعارف بحیثیت وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر باعث شرم و حزیمت بنتا جا رہا ہے اگرچہ ان جیسے جی حضوری اور غلامانہ ذہنیت کے مالک موقع پرست سیاسی مزارعین آزادی سے پہلے ڈوگروں کے بے کار اپنے لیے باعث عزت سمجھتے تھے اور اب چوہدری عبدالمجید اور اس کی کابینہ کے چند ایک وزیر زرداری خاندان کے ذاتی مزراعے بن کر اپنی چوہدراہٹ کے سر اب میں ہر کارے بن کر برطانیہ میں لوگوں کو بلاول زرداری کی برمنگھم میں تقریب تاج پوشی میں اکھٹا کرنے کیلئے گلی گلی پھرتے ہیں ان عاقبت اندیش سیاسی مزارعین و مجاورین کے قابل تضحیک کردار نے برطانوی کشمیریوں کے سر شرم سے جھکا دئیے ہیں کشمیر فریڈم موومنٹ چوہدری عبدالمجید اور اس کی کابینہ کے وزراء کو واضح پیغام دیتی ہے کہ اگر ان میں رتی بھر غیرت اور آزاد جموں و کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے عہدے کی عزت و توقیر کا احساس باقی ہے تو وہ یا تو برطانیہ سے واپس چلے جائیں یا پھر اپنے عہدوں سے مستعفی ہو کر کل وقتی مزارعین کی حیثیت میں بلاول زرداری کے خدمت گار کی ذمہ داری سنبھال لیں برطانیہ میں آباد غیرت مندکشمیری چوہدری عبدالمجید اور اس کی کابینہ کے نسل در نسل غلامانہ ذہنیت کے پیر کار جی حضوری وزراء کی طرف سے کشمیری عوام کی مزید بے توقیری برداشت نہیں کرینگے کشمیر فریڈم موومنٹ کے راہنمائوں نے جموں و کشمیر کونسل برائے انسانی حقوق کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نذیر گیلانی کے وزیراعظم آزاد جموںوکشمیر کے نام 9 نومبر کے خط کی تائید کرتے ہوئے برطانیہ میں تمام غیرت مند کشمیری کمیونٹی سے اپیل کرتی ہے کہ وہ چوہدری عبدالمجید اور اس کی کابینہ کے وزراء کی تمام تقریبات اور برمنگھم میں جلسہ کا بائیکاٹ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع بھمبر چوہدری منیر حسین نے کہا کہ ضلع بھمبر میں امن و امان قائم رکھنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینگے سماہنی کا واقعہ افسوس ناک ہے واقعہ کی آڑ میں قیمتی املاک کی توڑ پھوڑ قابل مذمت ہے لوگوں کے جان و مال کا ہر صورت تحفظ کیا جائیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر کشمیر پریس کلب بھمبر راجہ نعیم گل کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز سماہنی میں ہونیوالا واقعہ افسوس ناک ہے حکومت اور ضلعی انتظامیہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی انہوں نے کہا کہ واقعہ کی آڑ میں سماہنی کے اندر جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ قابل مذمت ہے سماہنی میں ہونیوالے اسی طرح کے مختلف واقعات کی ایف آئی آر درج ہو گئیں ہیں جن کی تفتیش میرٹ پر ہو گی اور کسی کو بھی اس پر اثر انداز نہیں ہونے دینگے علاقہ میں خواہ کوئی کتنا بھی با اثر کیوں نہ ہو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سٹی پوسٹ آفس میں ویسٹرن یونین کی سہولت مہیا کر دی ہے اندرون شہر رہنے والے شہریوں کو پیسوں کے لین دین میں در پیش مسئلہ اب حل ہو گیا آئندہ بہت جلد پنشن سمیت دیگر سہولیات بھی سٹی پوسٹ آفس میں مہیا کر دی جائیں گی ان خیالات کا اظہار سینئر پوسٹ ماسٹر راجہ محمد عارف اور انچارج سٹی پوسٹ آفس مرزا تصدق نے صحافیوں کے دورہ جی پی او کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جی پی او کی مرکزی برانچ کے ااندرون شہر سے باہر گجرات روڈ منتقل ہو جانے سے اندرون شہر کے رہائیشیوں کو بجلی و ٹیلی فون کے بل جمع کرانے کے مسائل در پیش تھے جس پر اندرون شہر سٹی پوسٹ آفس کی برانچ قائم کی گئی جو کہ کامیابی سے اپنے نظام کو چلا رہی ہے اب سٹی پوسٹ آفس میں شہریوں کی سہولت کیلئے ویسٹرن یونین کی بھی سہولت مہیا کر دی گئی ہے تا کہ شہری اپنے گھر وں کے قریب پیسوں کا لین دین بھی با آسانی کر سکیں انشاء اللہ بہت جلد سٹی پوسٹ آفس میں پنشن سمیت دیگر جدیدپوسٹل سہولیات بھی شہریوں کو فراہم کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )میڈیا کی خبروں پر ڈپٹی کمشنر بھمبر کا ایکشن پرائس کنٹرول کمیٹیوں کومتحرک کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر ریٹ لسٹیں جاری کرنے کا فیصلہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف مہیا کرینگے ڈپٹی کمشنر کی صحافیوں سے گفتگو تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر بھمبر نے اخبارات میں بھمبر شہر اور گرد و نواح میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے غیر فعال ہونے اور دوکانداروں کی طرف سے من مانے ریٹس مقرر کرنے اور دن بدن بڑھتی ہوئی گراں فروشی کی خبریں چھپنے پر نوٹس لیتے ہوئے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا کشمیر پریس کلب کے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بھمبر نے کہا کہ میں نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ مجسٹریٹ ہر ماہ دو بار بازاروں کی چیکنگ کیا کرینگے اور گوشت ، فروٹ ، سبزی، کریانہ اور گیس کی روزانہ کی بنیاد پر ریٹ لسٹیں مہیا کی جائیگی جن پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائیگا انہوں نے کہا کہ بازاروں کی چیکنگ کے ذمہ دارمجسٹریٹ ہر ماہ کے آخر میں اپنی اپنی پرائس کنٹرول کمیٹی کی ماہانہ رپورٹ دینے کے پابند ہونگے جس کی بنیاد پر بازاروں میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام مضبوط بنایا جائیگا انہوں نے کہا کہ حالیہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کیلئے ٹرانسپورٹروں سے جلد مشاورت کی جائیگی اور کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا جائیگا جس پر عملدرآمد کروایا جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پولیس نے سماہنی اور چوکی میں ہونیوالے تینوں واقعات کی ایف آئی آر درج کر لی 11 افراد نامزد جبکہ 72 نامعلوم افراد شامل تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز سماہنی میں وزیر مال چوہدری علی شان سونی کے بھائی اور بیٹے کی ایم ایس ایف کے نوجوان کے ساتھ تلخ کلامی پر جھگڑا ہوا گیا جس کے دوران فائرنگ سے ایم ایس ایف کا نوجوان صہیب حبیب پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیاتھا جس کا مقدمہ تھانہ پولیس چوکی نے وزیر مال چوہدری علی شان سونی کے بھائی چوہدری مظہر اقبال اور بیٹے عدیل علی شان سمیت دو نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ 324/337F ، 34/APC کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ چوکی بازار میں واقعہ کے خلاف راجپوت برادری کے مشتعل نوجوانوں کی طرف سے دوکانوں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کرنے پر محبوب حسین ، خالد حسین ، راشد محمود ساکنان گائیاں محمد اسامہ خان عرف خانو ساکن سرسالہ اور دیگر 40 نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ 147/149 ، 448/427 اور 20/EHA کے تحت مقدمہ درج کر لیا جبکہ تیسرے ایک واقعہ میں پولیس پر حملہ آور اور پتھرائو کرنے والوں میں ابرار جمیل، مظہر اقبال، محمد لطیف، مدثر اقبال اور 30 نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ 197/149 ، 337/A کے تحت مقدمہ درج کر لیا پولیس نے تینوں واقعات کی ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کے دورہ چین سے ملک کی ترقی خوشحالی اور تحریک آزادی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے چین پاکستان کا پرانا دوست ہے جس نے ہر مشکل میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا پاکستان اور چین کی دوستی لازول ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی راہنما محمد علی کشمیری آف بنڈالہ نے کیا انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ہی پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جو ملک کو مشکلات اور بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں موجودہ حالات کے اندر میاں نواز شریف کا دورہ چین انتہائی اہمیت کا حامل ہے چین کیساتھ اربوں ڈاکر کے بڑے بڑے منصوبوں کے معاہدے ہونگے جن کی تکمیل سے پاکستان کے اندر ترقی، خوشحالی اور استحکام آئے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر ایک طرف ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام اور ملکی معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف محبت وطن قیادت پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کیلئے دن رات محنت کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دورہ چین کے ساتھ پاکستانی قوم کی بڑی امیدیں وابستہ ہیں انشاء اللہ میاں نواز شریف قوم کو مایوس نہیں کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) عمران خان کے کامیاب اور شاندار جلسوں نے حکمرانوں کے پائوں تلے زمین نکال دی ہے 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں خاندانی بادشاہت ہمیشہ ہمیشہ کیلئے زمین بوس ہو جائیگی پاکستان اور آزاد کشمیر کی اہم شخصیات پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو رہی ہیں ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے راہنما چوہدری عمر لطیف ایڈووکیٹ نے مقامی ہوٹل میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عمران خان کا گراف تیزی کے ساتھ اوپر جا رہا ہے اسلام آباد کے دھرنوں کو فضول اور ناکام کہنے والوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں کپتان آج بھی چٹان کی طرح کھڑا ہے ملکی اور غیر ملکی سطح پر گو نواز کو کا نعرہ زبان زد عام ہو چکا ہے مہنگائی، کرپشن ، بے روز گاری ، لوڈ شیڈنگ اور لا قانونیت سے ڈسے عوام کے پاس عمران خان امید کی آخری کرن ہیں ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی پارٹی ہے اس میں شمولیت سے کسی کو روکا نہیں جا سکتا لیکن انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم خالصتاً میرٹ پر ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلعی ایلیمنٹری تعلیمی بورڈ بھمبر نے سالانہ اامتحانات کے شیڈول کا اعلان کر دیا داخلہ فارم سنگل بغیر لیٹ فیس کے ساتھ 25 نومبر جبکہ 200 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 5 دسمبر تک اورڈبل فیس کے ساتھ 25 دسمبر تک جمع کروائے جائینگے گزٹ فیس 400 روپے ہو گی تفصیلات کے مطابق کنٹرولر امتحانات ضلعی ایلیمنٹری تعلیمی بورڈ بھمبر چوہدری محمد اسلم نے سالانہ امتحانات برائے سال 2014-2015 کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بیان کیا کہ ایلیمنٹری تعلیمی بورڈ میں جماعت پنجم اور جماعت ہشتم کے سالانہ امتحانات فروری میں شروع ہونگے جماعت پنجم اور جماعت ہشتم کے ریگولر اور پرائیوٹ داخلہ فارم سنگل فیس کے ساتھ 15 دسمبر تک جبکہ ڈبل فیس کے ساتھ 25 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں جماعت ہشتم سنگل داخلہ فارم فیس ریگولر 400 روپے جبکہ پرائیوٹ 450 روپے ہو گی جبکہ جماعت پنجم کی سنگل داخلہ فارم فیس 300 روپے جبکہ پرائیوٹ کی 350 روپے ہو گی جبکہ گزٹ فیس 400 روپے ہو گی جو داخلہ فیس کے ساتھ جمع کروانی ہو گی داخلہ فارم کشمیر بینک کی برانچز سے ملیں گے۔