لیپ ٹاپ کی تقسیم کے باعث جامعہ کراچی آج بند رہے گی، امتحانات ملتوی

University of Karach

University of Karach

کراچی (جیوڈیسک) یونی ورسٹی کی انتظامیہ نے آج کولیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں وفاقی حکومت کی رہنما کی آمد پر گو نواز گو کے نعروں کے خدشے پر یونیورسٹی بند کردی ہے۔

منگل کو صبح اور شام میں تدریسی عمل معطل، انتظامی دفاتر بند اور تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں، جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے وجہ بتائے بغیر منگل کو جامعہ کراچی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تدریسی عمل معطل ہونے سے تاخیر کے شکار تعلیمی سیشن کا ایک دن مزید ضائع ہوگا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ماروی میمن آج دوپہر کو تقریب میں شریک ہورہی ہیں۔

جامعہ کراچی نے وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کولیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں مدعو کیا تھا، تاہم اب ن لیگ کی رہنما ماروی میمن تقریب میں مدعو ہیں جن ساڑھے 3 ہزار طلبا کے اعزاز میں تقریب تقسیم ہورہی ہے۔

ان میں سے ایم فل، پی ایچ ڈی کے صرف 170 طلبہ و طالبات کو سماعت گاہ کلیہ فنون بلایا گیا ہے، لیپ ٹاپ لینے والے ایم فل اور پی ایچ ڈی طلبا کی تعداد ساڑھے 3 ہزار ہے، ایچ ای سی نے ساڑھے 3 ہزار طلبا کولیپ ٹاپ دینے کی منظوری دی ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کو خدشہ تھا کہ اگر لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب میں وفاقی حکومت کے کسی نمائندے نے شرکت کی اور اس موقع پر تدریسی عمل جاری رکھا گیا تو طلبا گو نواز گو کے نعرے لگاسکتے ہیں لہذا وائس چانسلر کو مشورہ دیا گیا کہ غیریقینی صورتحال سے بچنے کیلیے جامعہ کراچی ایک دن کے لیے بند کر دی جائے، جامعہ کراچی کے سیکیورٹی ایڈوائزر پروفیسر زبیر نے تصدیق کی ہے کہ مسلم لیگی رہنما ماروی میمن کی آمد پر آج جامعہ کراچی بند رہے گی۔