کراچی میں رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 7 ہزار سے زائد گرفتاریاں ہوئیں، چوہدری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ گزشتہ 14 ماہ کے دوران کراچی میں 4 ہزار سے زائد آپریشن کئے گئے جن میں ساڑھے 7 ہزار سے زائد گرفتاریاں ہوئیں۔

کراچی میں رینجرزبیسک ریکروٹس ٹریننگ کورس کی 18 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تقریب میں جس اعلیٰ معیارکی پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا اس پر وہ رینجرز میں شامل ہونے والے جوانوں اور افسران کو مبارکباد دیتے ہیں، انہوں نے جو وردی آج پہنی ہے۔

یہ عام وردی نہیں، یہ ان جوانوں اور افسران کی وردی ہے جن کے ذمہ پاکستان کے سرحدوں اور داخلی سلامتی ہے، آج کا دن ان کی زندگی کا اہم ترین موڑ ہے، آج انہوں نے ایک امتحان پاس کرکے یہ وردی پہنی ہے لیکن اب انہیں ہر روز امتحان دینا ہوگا۔ اگر رینجرز میں شامل ہونے والے جوان اور افسران اپنے حلف کو یاد رکھیں گے۔

تو وہ ہر روز اپنے امتحانوں میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آفرین ہے ان لوگوں پر جو اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ وہ ان شہدا اور ان کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے لئے اعلیٰ ترین قربانی دی۔

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کررہی ہے، وہ گزشتہ 14 ماہ سے کراچی میں دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کے لئے سندھ رینجرز اور سابق ڈی جی جنرل رضوان اختر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وہ امید کرتے ہیں کہ موجودہ ڈی جی بھی اسی آپریشن کو اسی طرح جاری و ساری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ 14 ماہ میں 4 ہزار سے زائد آپریشن کئے گئے جن میں ساڑھے 7 ہزار سے زائد گرفتاریاں ہوئیں۔