تھر پارکر : سرکاری اسپتالوں میں 10 ماہ کے دوران 410 ہلاک ہوئے

Children

Children

تھر پارکر (جیوڈیسک) تھر پارکر کے سرکاری اسپتالوں میں دس ماہ کے دوران ہلاک ہونے والے بچوں کے بارے میں رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔غذائی قلت اور اس سے متعلقہ بیماریوں کے باعث پانچ سال سے کم اور اس سے زیادہ عمر کے مجموعی طور پر 410 بچے انتقال کر گئے۔

محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سول اسپتال مٹھی میں یکم جنوری سے 31 اکتوبر کے دوران مجموعی طور پر 318 بچے جاں بحق ہوئے، جن میں پانچ سال سے کم عمر 187 اور پانچ سال سے زیادہ عمر کے 131 بچے ہیں۔ تحصیل اسپتال ڈیپلو میں پانچ سال سے کم 8 اور پانچ سال سے زیادہ 9 بچے ہلاک ہوئے ،جن کی مجموعی تعداد 17 ہے۔

تحصیل اسپتال ننگر پارکر میں مجموعی طور پر 19 بچوں کی اموات ہوئیں، جن میں پانچ سال سے کم 10 اور پانچ سال سے زیادہ کے 9 بچے ہیں۔ تحصیل اسپتال چھاچھرو میں سول اسپتال مٹھی کے بعد زیادہ اموات ہوئیں ،یہاں پانچ سال سے کم عمر کے 31 اور پانچ سال سے زیادہ کے 20 بچے غذائی قلت کا شکار ہوئے جن کی تعداد 51 رہی۔

رورل ہیلتھ سینٹر اسلام کوٹ میں 5بچے انتقال کرگئے، جن میں 2 بچے پانچ سال سے کم عمر کے تھے۔ رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے 31 اکتوبر تک غذائی قلت، قبل از وقت پیدائش اور وزن میں کمی کے باعث انتقال کرنے والے پانچ سال سے کم عمر کے 238 اور پانچ سال سے زیادہ کے 172 بچے ہیں ۔مجموعی طور پر 410 بچوں کا انتقال ہوا۔