عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو سے کھیلا جا رہا ہے : امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سکھر ٹریفک حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تنظیم محب وطن روشن پاکستان چیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ آئین و قوانین پر عدم عملدرآمد کے ساتھ وی آئی پی کلچر کے باعث لاقانونیت اس قدر عام ہو چکی ہے کہ تمام ادارے اپنی افادیت سے محروم اور ان کے اہلکار فرائض منصبی میں کوتاہی کے مرتکب اور اختیارات کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرتے دکھائی دے رہے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف قوم کا بد ترین استحصال اور کرپشن و ظلم کو فروغ حاصل ہورہا ہے بلکہ عوام کی عزت و آبرو اور جان و مال بھی محفوظ نہیں رہی ہے۔

انہوں نے سکھر ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ایصال ثواب و مغفرت کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ وی آئی پی کلچر کے باعث طاقتور طبقات فرعون و یزید کا کردار اداکررہے ہیں اور آئین وقوانین کی پاسداری اور انصاف و تحفظ کی فراہمی کے ذمہ دار کردارِ شمر کے عکاس بن چکے ہیں۔

ملک میں ایکبار پھر مقتل سجانے کی تیاری ہورہی ہے جس سے بچنے کیلئے آئین وقوانین کا مکمل نفاذ و پاسداری اور محب وطن روشن پاکستان کے پیش کردہ فارمولے کے تحت شفاف انتخابات ‘ انتظامی نظام ‘ مقامی خود مختاری کا نفاذ اور ہر سطح پر مساوات کے ساتھ عوام الناس کو انصاف و تحفظ کی مکمل فراہمی ضروری ہے بصورت دیگر ملک میں ایکبار پھر حق وباطل کا معرکہ بپا ہو گا اور اس بار گیہوں اور گھن کے ساتھ اور بہت کچھ بھی پیسا جائے گا۔