کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 500 روپے کم ہوکر 4 سال كی كم ترین سطح پر آگئی ہے۔ عالمی ماركیٹ میں فی اونس سونے كی قیمت 23 ڈالر كی كمی سے 1152 ڈالر كی سطح پر پہنچنے كے باعث مقامی صرافہ ماركیٹوں میں بھی فی تولہ اور 10 گرام سونے كی قیمتوں میں بالترتیب 500 روپے اور 428 روپے كی كمی واقع ہوئی۔
جس كے نتیجے میں كراچی، حیدرآباد، سكھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور كوئٹہ كی صرافہ ماركیٹوں میں فی تولہ سونے كی قیمت گھٹ كر 46 ہزار 500 روپے اور فی 10 گرام سونے كی قیمت کم ہوکر 39 ہزار 857 روپے ہوگئی۔ اسی طرح فی تولہ چاندی كی قیمت بھی 10 روپے كی كمی کے بعد 670 روپے ہوگئی۔
واضح رہے كہ سونے كی قیمتوں میں گزشتہ چند ہفتوں سے مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور 500 روپے فی تولہ مزید کمی کے بعد سونا 4 سال بعد كم ترین سطح پر آ گیا ہے۔