حکومت تفتان میں پھنسے زائرین کو کوئٹہ پہنچانے کا جلد انتظام کرے، عارف واحدی

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد: شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد سے ملاقات، ملک کی مجموعی امن وامان و سیاسی صورتحال اور زائرین کے مسائل بھی زیر بحث آئے، علامہ عارف واحدی نے کہاہے کہ زائرین کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جائیں ۔شیخ آفتاب نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے تفتان میں پھنسے زائرین کی واپسی کیلئے سیکرٹری داخلہ کو ہدایات جاری کردیں۔

منگل کے روز شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر پارلیمانی امورو قومی اسمبلی میں حکومتی چیف وہیپ شیخ آفتاب احمد سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی امن وامان وسیاسی صورتحال اور تفتان میں پھنسے زائرین کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔

علامہ عارف واحدی نے تفتان میں پھنسے زائرین کا معاملہ خصوصی طور پر اٹھایا اور انکی بخیر و خوبی وطن واپسی کا مطالبہ کیا جس پر شیخ آفتاب نے فی الفور سیکرٹری داخلہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ہدایت کی کہ زائرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور تفتان میں پھنسے زائرین کو جلد از جلد ان کے گھروں تک پہنچایا جائے۔

بعدازاں شیخ آفتاب نے علامہ عارف حسین واحدی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دلایا کہ دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ زائرین کے مسائل بھی حل کئے جائینگے۔