سکھ قوم پاکستانیوں سے بہت پیار کرتی ہے :گورنر پنجاب

Chaudhry Mohammad Sarwar

Chaudhry Mohammad Sarwar

لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سکھ قوم جتنا پیار پاکستانیوں سے کرتی ہے اتنا کسی اور سے نہیں کرتی، ہم اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر عزت و احترام کے ساتھ رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں بابا گورونانک کے جنم دن کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔

سیمینار کا انعقاد دیا ل سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم نے کیا تھا، انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک اور بابا فرید گنج شکر کے نظریات ایک جیسے تھے کیونکہ دونوں قومیں توحید پر یقین رکھتی ہیں۔

اس موقع پر متروکہ وقف کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت اور ان کا ہر طرح کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ بعد ازاں گورنر ہاؤس میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کی طالبہ رابعہ فریدی کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ رابعہ فریدی کا ملک میں تعلیم کے فروغ اور خواتین کو بااختیا ر بنانے کا عزم پوری قوم کے لئے قابل تقلید ہے۔