راولپنڈی (جیوڈیسک) ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں مردہ جانوروں کی آلائشوں سے جعلی و مضر صحت گھی تیار کرنے والے 2 کارخانے سر بمہر کدئیے۔ پولیس کی اسپیشل برانچ نے ڈی سی او ساجد ظفرڈال کو ایک رپورٹ ارسال کی جس میں انکشاف کیا گیا کہ تھانہ رتہ امرال کے علاقے محلہ اکال گڑھ، ہزارہ کالونی میں جعلی گھی کے 2 کارخانے قائم ہیں جو مردہ جانوروں کی آنتوں او ر دیگر آلائشوں کو پگھلا کر چربی سے مضر صحت گھی تیار کرکے مارکیٹ میں مختلف برانڈ کے ناموں سے جعلسازی کرکے فروخت کررہے ہیں۔
ڈی سی او نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی قراۃ العین ملک کو کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ اے سی سٹی نے محکمہ صحت کے فوڈ انسپکٹروں اور پولیس کے ہمراہ کارخانوں پر چھاپہ مارا تو مردہ جانوروں کی آنتیں و دیگر آلائشیں جلا کر جعلی ومضر صحت گھی تیار کیا جارہا تھا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کارخانوں کا مالک ایک ہی شخص ہے۔ اے سی سٹی کی ہدایت پر تھانہ رتہ امرال پولیس نے 2 ملزمان محمد حنیف اور اکبر خان ولد زرین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا جبکہ مالک صلاح الدین موقع سے فرار ہو گیا۔