لاہور (جیوڈیسک) پولیس نے سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کے صاحبزادے حسین کھر کی گرفتاری ظاہر کردی جسے اہل خانہ کی جانب سے اغوا قرار دیا جارہا تھا۔ سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کے صاحبزادے حسین کھر گزشتہ روز رات گئے اپنے گھر کے قریب سے لاپتہ ہوگئے تھے۔
جب کہ اس حوالے سے اہلخانہ کی جانب سے اغوا کا شبہہ ظاہر کیا جارہا تھا تاہم لاہور پولیس نے حسین کھر کی گرفتاری ظاہر کردی۔ ڈی آئی جی حیدر اشرف کے مطابق سی آئی اے پولیس نے ڈکیتی کےالزام میں حسین کھرکو لاہورسے گرفتار کیا تھا اور اس حوالے سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کو ٹیلیفون کیا اور ان کے بیٹے کے اغوا کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی کی جان ومال محفوظ نہیں اس لئے حکمرانوں کو چاہئے کہ قوم کی جان چھوڑ دیں۔