اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت کی جانب سے نام نہ ملنے پر الیکشن کمیشن نے ڈی جی ایڈمن عثمان علی کو قائم مقام سیکرٹری کا چارج دے دیا ہے۔ سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان چار نومبر کو اپنی مدت ملازمت میں دوسری توسیع ختم ہونے کے بعد ریٹائر ہو گئے تھے۔
جس کے بعد الیکشن کمیشن نے حکومت سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کیلئے تین نام مانگے جن میں سے کوئی ایک نام اس اہم انتظامی عہدے کیلئے منتخب کیا جانا تھا۔
تاحال حکومت نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کیلئے کوئی نام نہیں دیا جس کے باعث ادارے کے انتظامی معاملات متاثر ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی ایڈمن عثمان علی کو قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن کا چارج دے دیا گیا ہے۔