مریم نواز نے وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کی چیئر پرسن شپ سے استعفیٰ دیدیا

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کی چیئر پرسن شپ سے استعفیٰ دے دیا۔

وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے وزیراعظم یوتھ لون اسکیم پروگرام سے بطور چیئر پرسن استعفیٰ دے دیا ہے جسے انہوں نے کیبنٹ ڈویژن کو بھی بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ مریم نواز نے استعفے کے معاملے پر وزیراعظم نواز شریف سے بھی مشاورت کی تھی جب کہ ان کا استعفیٰ وزیراعظم ہاؤس کو بھی موصول ہوگیا ہے جسے وزیراعظم نواز شریف اپنی وطن واپسی کے بعد منظور کریں گے۔

مریم نوازنے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میری ذات بڑی نہیں بلکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام ضروری ہے جسے ہم نے ملک کے کونے کونے میں پھیلا دیا ہے جس سے ملک کے لاکھوں طلبا کو فائدہ ہورہا ہے اس لیے میری وجہ سے اس پروگرام کو کوئی نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم کے ساتھ مزید کام کرنا ہے اور میں ان کی سربراہی میں اسی عزم کے ساتھ کام کرتی رہوں گی۔

واضح رہے کہ لاہو ہائی کورٹ میں مریم نواز کی بطور چیرپرسن وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے خلاف دراخواست دائر کی گئی تھی جس میں عدالت نے ان کی تقرری سے متعلق جمعہ تک فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔