اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی طالبعلم ہارون طارق نے کیمبرج یونیورسٹی کے اے لیول امتحانات میں 30 اے حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، ہارون نے علی معین نوازش کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔
کوہاٹ کے رہائشی طالبعلم ہارون طارق نے اے لیول میں تیس اے حاصل کرکے ناصرف عالمی ریکارڈ قائم کیا بلکہ عالمی امتحان میں 87اے گریڈ حاصل کرکے 6 ورلڈ ریکارڈ قائم کر دئیے، ہارون طارق نے او لیول میں 28، اے لیول میں 30،آئی جی سی ایس ای میں 29،اے پلس میں 30 اور کیمبرج میں 57 اے حاصل کرکے 6 ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں، اس سے پہلے ایک اور پاکستانی طالب علم علی معین نوازش کا 21 اے حاصل کرنے کا ریکارڈ تھا جو ہارون طارق نے 30 اے حاصل کرکے توڑ دیا۔
ہارون طارق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اعلی تعلیم حاصل کرنے بیرون ملک جائیں گے مگر خواہش ہے کہ اپنے ملک کے تعلیمی نظام میں بہتری کیلئے خدمات سرانجام دوں، ہارون طارق کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی کامیابی حاصل کرنے میں ایک دن بھی ٹیوشن نہیں پڑھی بلکہ ٹیوشن پڑھا کرتعلیمی اخراجات پورے کیے۔ ہارون طارق نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں تعلیم کی شرح میں اضافے کیلئے بجٹ میں خاطرخواہ اضافہ کیساتھ طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمہ بھی ضروری ہے۔