سنچری بناتے ہی حفیظ کے چہرے کی رونق لوٹ آئی

Hafeez

Hafeez

ابو ظبی (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بناتے ہی حفیظ کے چہرے کی رونق لوٹ آئی۔ ان کا کہنا ہے کہ ناقص فارم کی وجہ سے اعتماد کم ہوگیا تھا، ساتھی کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی سپورٹ سے بڑا اسکور کرپایا۔

تفصیلات کے مطابق حفیظ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ناقابل شکست سنچری بنائی، پہلی باری میں وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ میں کافی خوشی محسوس کررہا ہوں، اس فارمیٹ میں مجھے رنز بنانے میں دشواری کا سامنا تھا جس کے باعث اعتماد کم ہوگیا

ایسے میں ساتھی کھلاڑیوں نے حوصلہ دیا اور کوچنگ اسٹاف نے بھی بھرپور مدد کی، انھوں نے کہا کہ پوری ٹیم چاہتی تھی کہ میں رنز اسکور کروں، پہلی اننگز میں سنچری سے محروم رہا لیکن جس طرح میں کھیلا اس سے ہی اندازہ ہوگیا کہ بیٹنگ بہتر ہوچکی ہے۔

میں جانتا تھا کہ اس سیریز میں رنزکر کے ٹیم کے کام آؤں گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کرکٹ میں اچھے اور برے دور سے گزرنا پڑتا ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں میں کسی تکنیکی مسئلے سے دوچار نہیں بلکہ برے دور سے گزررہا تھا جو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میں میری فارم اچھی تھی۔

حفیظ نے کین ولیمسن کی وکٹ بھی لی، اس بارے میں انھوں نے کہا یہ ایک اچھی کامیابی تھی، میں جانتا ہوں کہ بولنگ میرے لیے کتنی اہم ہے۔

حفیظ نے مزید کہا کہ برینڈن میک کولم جب وکٹ پر تھے اس وقت پاکستان ٹیم تھوڑا دباؤکا شکار ہوئی، ہم جانتے ہیں کہ کیویز کتنی خطرناک ٹیم ہیں لیکن یاسر شاہ نے بریک تھرو دلایا اور پھر راحت علی نے بھی اچھی بولنگ کی، اس سے دباؤ دوسری ٹیم پر منتقل ہوگی۔