ہارون آباد (تحصیل رپورٹر) مسلم لیگ (ضیائ) کے مرکزی چیئرمین حاجی محمد یٰسین نے ایک وائٹل سٹی میں اپنی رہائش گاہ پر سنیئر صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائٹل گروپ بلدیاتی الیکشن کے لیے پہلے بھی مکمل طور پر تیار تھا اور اب بھی ہم بلدیاتی الیکشن کے لیے شدت سے منتظر ہیں ہم نے اپنے امیدواروں کے پینل کا پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے جیسے ہی الیکشن کی تاریخ آئے گی ہم میدان میں ہوں گے ہمارا ہوم ورک مکمل ہے اور ہم نے گزشتہ بلدیاتی الیکشن میں بھر پور کامیابی کے بعد نمایاں خدمات سر انجام دیں تھیں۔
علاقے کی بلدیاتی سیاست کے تمام پہلوئوں پر تجربے کے باعث عوام کی خدمت کا مکمل پلان اور حکمت عملی بنا کر عمل پیرا ہے مسلم لیگ (ضیائ) اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور قائدین کے درمیان مکمل ہم آہنگی قومی اور سوبائی سطح پر بھر پور عملی انداز میں موجود ہے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت پنجاب نے حلقہ ہارون آباد کے لیے خطیر گرانٹس جاری کر دی ہیں علاقے کے لیے سڑکات کی تعمیر کے لیے دس کروڑ کی بڑی گرانٹ کا اجراء نہایت خوش آئند ہے اور اس گرانٹ سے حلقہ کی نئی سڑکیں بنائی جائیں گی اور خستہ حال سڑکوں کی مرمت کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
ہارون آباد کے عوام کے دیرینہ مطالبہ کو الحمد اللہ پورا کرتے ہوئے پار ک کی منظوری کرا لی گئی ہے اور 38لاکھ کے فنڈز سے جدید پارک نزد ڈگیاں ہارون آباد تعمیر کر کے تفریحی سہولیات سے آراستہ کریں گے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے فنڈز کے اجراء کے سلسلہ میں مسلم لیگ (ضیائ) کے قائد محمد اعجاز الحق ایم این اے کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جنہوں نے ہارون آباد کے حلقہ کو سنوانے کے عزم کے تحت مسلسل جدوجہد کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
اعجاز الحق کی قیادت میں مسلم لیگ (ضیائ) کا تعمیرو ترقی کا منشور پورے جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کے عمل کو جاری رکھ کر عوام کی امیدوں کو پورا کرے گا۔