ریاستی رٹ مقدم رہے گی، کسی کو اسلام آباد میں تماشہ لگانے نہیں دینگے، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے احتجاجی سیاست میں ریاست کی رٹ کو مقدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کسی کو تماشہ لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ احتجاج قانون کے دائرے سے باہر نکلا تو قانون کے ہاتھ شرپسندوں کے گریبانوں تک جائیں گے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ قانون کی حاکمیت قائم کریں گے، ریاست کی رٹ کو مذاق سمجھنے والوں کو ریاست کی اہمیت کا پتہ چل جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کا طرز عمل سکرپٹڈ ہے اور یہ سب عمران خان کا لکھا ہے۔

شیخ رشید کو اپنے طرزعمل پر جوابدہ ہونا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جرم کرتے ہیں اور پھر انکاری بھی ہو جاتے ہیں، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے کے بعد اس سے مکرجانا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ بوکھلاہٹ ، گالی گلوچ ظاہر کر رہی ہے کہ عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، سیاست میں شائستگی کے بجائے بدتمیزی کا رجحان عمران خان کی پہچان بن گیا اور ان کے رویہ کی وجہ سے ملک کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ تحریک انصاف الزام تراشیوں کے ذریعے پختونخوا میں اپنی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔