واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں ہونے والی ایک طلاق تاریخ کی مہنگی ترین طلاق قرار دی گئی ہے جس میں مطلقہ کے سابقہ شوہر کو عدالت نے قریبا ایک ارب ڈالر کی رقم طلاق کی مد میں ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
حال ہی میں امریکا کی ایک عدالت نے امریکی آئل فرم کانٹیننٹل ریسوریز کے ڈائریکٹر ھارولڈ ھام کی مطلقہ بیوی کی طلاق کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں میں جدائی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی سابق ہو جانے والے شوہر کو 994 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
امریکی بزنس جریدے فوربز کے مطابق ارب پتی 68 سالہ ھارولڈ ھام کی آئل کمپنی کانٹیننٹل ریسورسز کے اثاثوں کی مالیت 14 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ رواں سال جریدے نے امریکا کے 400 امراء کی فہرست میں ھام کو 33 واں امیر ترین شخص قرار دیا تھا۔ امریکا کی جنوبی ریاست اوکلاہاما کی ایک عدالت نے دو روز قبل جاری کردہ اپنے فیصلے میں ھارولڈ ھام کو حکم دیا کہ وہ اپنی مطلقہ بیوی 58 سالہ سون آن کو رقم ادا کرے۔
رپورٹ کے مطابق ھارولڈ مطلقہ بیوی کو 22 ملین ڈالر کی رقم ادا کر چکا ہے۔ عدالت نے بقیہ رقم 20 جنوری 2015ء تک ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔