اسلام آباد (جیوڈیسک) حال ہی میں افغانستان میں کرسی صدارت سنبھالنے والے اشرف غنی رواں ہفتے پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
اپنے پہلے دورہ پاکستان کے دوران اہم حکومتی وزراء انکے کے وفد میں شامل ہونگے۔ صدر ممنون حسین افغان صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
جبکہ وزیر اعظم نواز شریف سے صدر اشرف غنی کی ظہرانے پر ملاقات ہو گی۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہو گی۔
پاکستان پہلے ہی افغانستان میں نئی حکومت آنے سے تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کر چکا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے، بہتر باڈر مینیجمنٹ، تجارت اور عوامی رابطے بڑھانے سمیت علاقائی امور پر بات چیت ہو گی۔