لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی بطور چیئر پرسن یوتھ لون پروگرام تعیناتی کیس نمٹا دیا

 Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) ہائیکورٹ نے مریم نواز کی بطور وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کی چیئرپرسن تعیناتی کے خلاف درخواست نمٹا دی۔

وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی بطور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ لون اسکیم تعیناتی کے خلاف دائر درخواست عدالت نے مریم نواز کے استعفے کے بعد نمٹا دی۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں قرار دیا کہ مریم نواز کا مستعفی ہونا احسن اقدام ہے اور اس عمل سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔

گزشتہ سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ڈپٹی اٹارنی سے سوال کیا تھا کہ کیا یہ عہدہ خاندانی افراد میں ہی رہنا ضروری ہے جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ چیرپرسن فوکل پرسن ہیں اور یہ کوئی اختیار نہیں۔

اس موقع پر جسٹس منصور نے ریمارکس دیئے کہ تو کیا میں اپنے باورچی کو فوکل پرسن قرار دے کر عہدے پر لگا سکتا ہوں، کل وزیراعظم کسی ان پڑھ شخص کو اس عہدے پر تعینات کردیں تو کیا ہو گا جس کے بعد عدالت نے آج تک کے لئے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا تاہم مریم نواز نے عدالتی فیصلہ آنے سے قبل ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔