برمنگھم جلسہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے سنگ میل اور امید کی کرن ثابت ہو گا۔عبدالسلام بٹ

Muzaffarabad

Muzaffarabad

مظفرآباد : آزادکشمیر کے وزیر سیاحت وشہری دفاع عبدالسلام بٹ نے کہا ہے کہ برمنگھم جلسہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے سنگ میل اور امید کی کرن ثابت ہو گا۔ بلاول بھٹو اپنے نانا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیریوں کے ترجمان بن چکے ہیں جس پر پوری قوم ان کی مشکور ہے۔ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیداکردہ ہے جس کے حل کے لیے برطانوی عوام کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔

مانچسٹر میں کشمیر ی مہاجرین کے ساتھ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی پی پی نے ہمیشہ کشمیریوں کی آواز میں آواز ملائی ہے ۔بلاول بھٹو زرداری نے سیاست میں قدم رکھتے ہی اپنے نانا کے دئیے نعرے کے مطابق مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف اپنانے ہوئے “گھنسوں ،گھنسوں ،پورا کشمیر گھنسوں ” کا نعرہ دیا جس سے ان کی کشمیریوں کے ساتھ محبت کا ثبوت فراہم ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک کشمیری تحریک آزادی کے سفیر ہیں ۔برمنگھم جلسہ میں شرکت کرکے اپنی اس ذمہ داری کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹوزرداری نے کشمیر کو توجہ کا مرکز بنا دیا ہے اور بھارتی قیادت سوچنے پر مجبور ہے کہ اس نئی صورت حال میں وہ کیسے جھوٹ اور منافقت سے عالمی برادری کو اپنی پوزیشن سے آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر کشمیر کے حق میں مظاہرے اس بات کی دلیل ہیں کہ کشمیریوں کا خون رائیگا ں نہیں جائے گا۔ برمنگھم جلسہ کنٹرول لائن کی دیوارمیں سوراخ کا سبب بنے گا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری مقیم برطانیہ لاکھوں کی تعداد میں شریک ہوکر اپنی اس ذمہ داری کا حق اداکریں جو ان پر قرض ہے۔