کراچی (اسٹاف رپورٹر) انتخابی دھاندلیوں کے نتیجے میں شروع ہونے والی دھرنا تحریک گوکہ متوقع نتائج کے حصول اور انقلاب لانے میں ناکام ہوچکی ہے مگر ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی سرگرمیاں جلسے اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ممبر سازی کا اعلان اس بات کی علامت ہے کہ ملک تبدیلی و مڈٹرم انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے اور اگر حکمران دال میں کالا چھپانے کی غرض سے چار حلقوں میں دھاندلی کی شفاف تحقیقات کرالیتے تو آج پوری دال کالی ہوکر سڑاند نہ دے رہی ہوتی۔
تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے روشن پاکستان ہا ¶س میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی خود مختاری کے ذریعے عوام کو با اختیار بنانے اور تمام قومی مسائل کا قابل عمل حل پیش کرنے والا تنظیم محب وطن روشن پاکستان کامنشور ہم نے تمام اراکین پارلیمنٹ، سیاستدانوں، سیاسی جماعتوں، دانشوروں اور تمام طبقہ ہائے زندگی کی سرکردہ شخصیات کو ارسال کیا تھا اور یہ ہماری بڑی فتح ہے کہ ہمارے منشور کو ہر سطح پر سراہا اور اسے پاکستان و عوام کے مسائل کا واحد حل قرار دیا گیا ہے۔
امیر پٹی نے بتایاکہ حکمران جماعت و اپوزیشن پارٹیز سے تعلق رکھنے والے بہت سارے اراکین پارلیمنٹ اور سیاستدانوں کے علاوہ کئی سرکردہ شخصیات تنظیم محب وطن روشن پاکستان میں شمولیت فیصلہ کرچکی ہیںاور اس کے اعلان کیلئے مناسب موقع کی منتظر ہیں جس کے بعد تنظیم محب وطن روشن پاکستان قومی مسائل کے حل کا قابل عمل فارمولہ رکھنے والی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری قوت کے طور پر سامنے آئے گی اور انشاءاللہ اقتدار کے ایوان میں پہنچ کر سیاسی بددیانتی کے باعث نصف صدی سے زائد کے پیداشدہ مسائل کو حل کرکے پاکستان کو پرامن، مستحکم، ترقی یافتہ اور آئیڈیل ریاست اور عوام کو خوشحال، مطمئن اور آسودہ حال بنائے گی۔