اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر پولیس کو عملدرآمد کرنا چاہیے۔ منتخب ہو کر پارلیمنٹ آنے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کو قانون سے استثنیٰ مل گیا۔
پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے خود منتخب ارکان کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے کی ابتدا کی۔
تحریک انصاف نے وزیراعظم اور ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کرایا۔ وزیر اطلاعات نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “الزام خان” کے بعد اب ‘بھولا خان’ سامنے آ گیا ہے۔ عمران خان نے سرکاری اداروں پر حملے کے لیے لوگوں کو اکسایا پھر بھول گئے۔
عمران خان چاہیں تو ان کی تقریر کی سی ڈی پیش کر سکتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے امید ظاہر کی کہ انصاف کی باتیں کرنے والے عمران خان عدالتوں میں پیش ہوں گے۔