ملک میں آئین اور قانون کی حاکمیت کے بغیر امن وامان قائم نہیں ہو سکتا۔احمد فراز

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ملک و قوم کو خساروں سے دوچار کرنے اور جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کرنے والوں کے احتساب کے دن قریب ہیں۔ ملک میں آئین اور قانون کی حاکمیت کے بغیر امن وامان قائم نہیں ہو سکتا۔ بہت جلد تحریک انصاف ملکی نظام کو قابل تقلید بنا دے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک میں جمہوریت کے نام پر ایسا کھیل نہیںکھیلا جارہا جس طرح گزشتہ دو تین دہائیوں سے پاکستان میں ہوا ہے۔ خاندانی بادشاہت کو جمہوریت کا نام دینے والوں نے ملک کو تاریکی اور جہالت کے اندھیروں میں غرق کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

نام نہاد ترقی کے دعوے کرنے والوں نے ملک کو غیروں کے آگے گروی رکھ چھوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل ملک کے قرضوں اور مہنگائی کو کم کرنے کے دعوے کرنے والوں نے اقتدار میں آکر ملک میں ہمیشہ مہنگائی کا طوفان برپا کیا بیرونی قرضوں میں کمی کی بجائے اضافہ کیا اور سود در سود پر قرضوں کے مزید حصول سے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ احمد فراز لودھی نے کہا کہ مقروض قومیں عزت کی زندگی نہیں گزار سکتیں یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور دیگر ممالک کے حکمران اور ادارے پاکستان پر اپنی پالیسیاں نافذ کرواکے ملکی معیشت کو مضبوط نہیں ہونے دیتے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں عمران خان جیسی محب وطن اور دلیر قیادت سامنے نہیں آتی یہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ30نومبر کو گوجرانوالہ میں ہونے والا عمران خان کا جلسہ یہ بات ثابت کردے گا کہ عوام اب خاندانی حکمرانی سے نجات اور ملکی نظام کی اصلاح چاہتے ہیں۔