گیس و تیل پائپ لائن دونوں ملکوں میں معاشی ترقی لائیں گی، نواز،اشرف

Nawaz Sharif Ashraf Ghani

Nawaz Sharif Ashraf Ghani

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے وزیر اعظم اور افغانستان کے صدر نے دونوں ممالک سے غربت اور پسماندگی کے خاتمہ پر اتفاق اور سیکیورٹی سے متعلق جامع مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گیس اور تیل کی پائپ لائن دونوں ملکوں میں معاشی ترقی لائیںگی۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات چاہتا ہے ، پاکستان، افغانستان کی سالمیت، قومی یکجہتی، خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔

دونوں ممالک کوسیکیورٹی اور اسی نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے۔اس موقع پر اشرف غنی نے کہا کہ دونوں ممالک کو ماضی بھلاکر آگے بڑھنا ہوگا ، پاکستان، افغانستان میں جمہوری عمل کا تسلسل چاہتے ہیں، افغانستان خطے کی ترقی اور استحکام میں بھرپور کردار اداکر سکتا ہے،ہم نے ملک کو وسط ایشیا اور جنوبی ایشیا سے ملانے کیلیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

اس موقع پر افغان صدر نے کہا کہ ہم نے 13 سال کی تجارتی رکاوٹوں کو 3 دن میں حل کرلیا، افغانستان کی معیشت پر پاکستانی توجہ کا خیرمقدم کرتاہوں۔ نواز شریف نے کہا کہ ٹاپی اور کاسا پروجیکٹس سے دونوں ممالک میں معاشی ترقی اور خوشحالی آئیگی،اشرف غنی نے مشکل وقت میں صدارت کاعہدہ سنبھالا ہے۔

پاکستان افغانستان میں مذاکرات کا حامی ہے،افغانستان کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں،دونوں ممالک کا حال اور مستقبل آپس میں جڑا ہوا ہے۔ قبل ازیں دونوں سربراہان کے درمیان ون ٹو ون ملاقات کے ساتھ مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔