ساہیوال (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ میں خودکش سیاستدان ہوں، نواز حکومت کا خاتمہ کر کے دم لوں گا، ہتھکڑی زیور، جیل سسرال ہے، وقت اور جگہ بتائیں خود گرفتاری دونگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ قوم کو مبارک ہو پہلا استعفیٰ مریم نواز کا آ گیا ، چار اور چاہئیں۔ 94 دن سے قوم عمران خان کے ساتھ دیوار چین کی طرح کھڑی ہے، ایک شیشہ بھی نہیں ٹوٹا۔ حکمرانوں کا اقتدار ختم کر کے دم لوں گا۔
ساہیوال میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہتھکڑی میرا زیور اور جیل سسرال ہے میں خوشی خوشی جائوں گا۔ میں خوشی سے مروں گا لیکن نواز شریف کا اقتدار ختم کر کے دم لوں گا۔
میں ملکی سیاست کا انسائیکلوپیڈیا ہوں، انھوں نے کہا کہ میرا عمران خان کے ساتھ اتحاد اس وقت تک قائم رہے گا جب تک نواز حکومت ختم نہیں ہو جاتی، آصف زرداری اور نواز شریف دو سیاسی ناسورے ہیں جو کہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔
آصف زرداری نے مجھے فون پر دھمکی دی ۔ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پورے ملک کو آگ لگا دوں گا۔ میں نے جرائم کو آگ لگانے کی بات کی ، اس نظام کو جلانے کی بات کی جو کہ کمیشن ایجنٹ اور کرپشن مافیا پیدا کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کا بوعزیزی بن سکتا ہوں۔ میں خودکش سیاست دان ہوں، اپنا تابوت کندھے پر لے کر سیاست کرتا ہوں۔ نواز شریف صاحب وقت اور جگہ بتائیں خود گرفتاری دینے کے لیے آئوں گا۔ عوام تیس نومبر کو تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کریں گے، اگر گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلا تو کنستر کاٹنا پڑے گا۔عمران خان ایک دیانتدار انسان ہے اس جنگ میں اس کا ساتھ دینا ہے۔