اسلام آباد (جیوڈیسک) افغانستان کے صدر اشرف غنی کی شاندار کرکٹ ڈپلومیسی، پاکستان اور افغانستان کی اے ٹیموں کا میچ دیکھنے وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ اسلام آباد کے اسٹیڈیم جا پہنچے۔
پی سی بی کے صدر شہریار خان اور آئی سی سی کے صدر نجم سیٹھی نے استقبال کیا، دوست آیا تو دوستانہ میچ افغان دوستوں نے جیت لیا۔ افغانستان اے نے پاکستان اے کو دوستانہ میچ میں 54رن سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دیکھنے کیلئے وزیر اعظم نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی بھی موجود تھے۔
اسلام آباد میں ہونے والے دو ستانہ میچ میں افغانستان اے نے پہلے کھیلتے ہوئے 15 اوورز میں 154 رنز بنائے۔ نجیب اللہ ذدران 60 اور سمیع اللہ شنواری 27 رنز بناکر نمایاں رہے، جواب میں پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑاگئی اور پوری ٹیم نو وکٹ پر صرف 100 رنز ہی بنا سکی، افغانستان کی جانب سے محمد نبی، آفتاب عالم اور گلبدین نیب نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔