مساجد کی تعمیر اہل ایمان کی علامت ہے۔ سید منور حسین

Narowal

Narowal

نارووال : مساجد کی تعمیر اہل ایمان کی علامت ہے۔ اسلاف کی یادگاریں نسل نو کو قرب اسلام فراہم کرتی ہیں۔ مسجدیں اسلام کے مراکز اور صاحبان تقویٰ ان کے حقیقی متولی ہیں۔ محبتوں کے فروغ، قیام امن، باہمی رواداری اور اتحاد امت کیلئے مساجد کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

حکومت سکول و کالجز کی طرح مدارس دینیہ و مساجد سے بھی بھر پور تعاون کر کے ان میں اہل و صاحبان علم و حلم افراد کی تعیناتی کا انتظام کرے تو کوٹ رادھا کشن جیسے سانحات کبھی جنم نہ لیں۔حضرت امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری رحمة اللہ علیہ نے سینکڑوں مساجد و مدارس قائم کر کے ملت اسلامیہ کو قربت اسلام فراہم کی۔ جامع مسجد سید نا امیر حمزہ رضی اللہ عنہ کی تعمیر سے بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار قائد مشائخ، سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی چیئرمین عالمی ختم نبوت فائونڈیشن نے نیو لاہور روڈ بالمقابل الرحیم گارڈن نارووال میں زیر تعمیر جامع مسجد سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ عنہ کے ”مہر الملت ہال” کا سنگ بنیاد کے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے قائد تحریک اویسیہ پاکستان و صوبائی امیر عالمی تنظیم اہلسنت پنجاب علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی سجادہ نشین مرکز اویسیاں نارووال نے کہا مسجدوں کی تعمیر مسلمانوں کو جنت کی نوید سناتی ہے۔

نئی آبادی میں مسجد بنانا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت مبارکہ ہے۔ غیر ملکی تنظیمات پاکستان میں فرقہ واریت کے فروغ کیلئے فنڈنگ کر رہی ہیں جن پر پابندی ہونی چاہیے۔ یا پھر فرقہ سے بالا تر مساجد کی تعمیر کیلئے اسلامی ممالک امداد کریں۔انہوں نے کہا کوٹ رادھا کشن سانحہ مسجد کے لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال سے رونما ہوا۔

حکومت مساجد بنانے اور ان کا نظام چلانے کی ذمہ داری لے لے تو فرقہ واریت کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر خلیل احمد چوہدری ایس ایم، محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ ، محمد عمران سکندر، صاحبزادہ محمد عاصم بشیر اویسی، چوہدری شہزاد لطیف گھمن ،قاری محمد ارشد اویسی، علامہ حافظ محمد طاہر ضیاء ،اورنگ زیب بیگ، محمد سجاد اویسی، حافظ محمد عرفان اسلام اویسی،حافظ محمد دلشاد اویسی،محمد افضال اویسی، ملک محمد شہباز سلطان، ڈاکٹر افتخار احمد،محمد شاہد اقبال،حاجی امجد علی اور دیگر بھی موجود تھے۔