آرمی چیف جنرل راحیل کی امریکا میں سینٹرل کمانڈ کے حکام سے ملاقات

Rahil Sharif

Rahil Sharif

واشنگٹن (جیوڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے امریکا میں سینٹرل کمانڈ کے حکام سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں افغانستان کی صورت حال اور شمالی وزیرستان آپریشن سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق جنرل راحیل شریف نے اتوار کے روز امریکی سینٹرل کمانڈ کا دورہ کیا اور کمانڈر جنرل لوئیڈ آسٹن اور دیگر عسکری حکام سے ملاقات کی۔

سینٹرل کمانڈ کے حکام سے ملاقات میں جنرل راحیل شریف نے طالبان کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت سے آگاہ کیا، اور آپریشن میں درکار رسد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد سیکورٹی کی صورت حال پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی موجودگی پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں سرحدی نگرانی کے مجوزہ منصوبے کے مستقبل بھی زیر غور آیا۔ اس کے علاوہ نہ صرف پاکستان اور امریکی افواج بلکہ پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل ریاض بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔