لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گزشتہ روز قصور میں پاک اوسز کے اشتراک سے 2 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، قصور موجود تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے میں لا اینڈ آرڈر کی بالادستی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی عوام کو مہیا کرنا حکومت کا فرض ہی نہیں بلکہ عوام کا حق بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے 50 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں جس سے بڑی تعداد میں بیماریاں صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے ہی پیدا ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ کوٹ رادھا کشن میں ہونے والا مسیحی جوڑے کے ساتھ واقعہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے جس کی نہ صرف حکومت بلکہ تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ایسے معاشرے کو تشکیل دینا ہے جس میں بلاتفریق ہر مظلوم کو انصاف اور اس کا حق ملے سکے۔