بیس لاپتا کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے، تاج حنفی

Allama Taj Hanafi

Allama Taj Hanafi

کراچی (جیوڈیسک) اہل سنت والجماعت کے رہنما علامہ تاج حنفی نے کہا ہے کہ 20 سے زائد لاپتا کارکنوں کو بازیاب نہیں کرایا گیا تو احتجاج ملک گیر سطح پر پھیلادیں گے، ہمارے کارکنوں کا تا حال کوئی پتا نہیں دیا جارہا، ان میں سے 5 کارکنان 9 مہینوں سے لاپتا ہیں، شکار پور میں ضلعی رہنماء مولانا اکرم معاویہ کو بیوی اور بہو سمیت گرفتار کرلینا کہاں کا انصاف ہے۔

یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب پر احتجاج مظاہرے میں کہی۔ مظاہرے سے صوبائی رہنماؤں علامہ ثناء اﷲ حیدری اور مولانا طارق مسعود نے بھی خطاب کیا۔تاج حنفی نے کہا کہ ہم نے 4 سگے بھائیوں کے جنازے اٹھا کر بھی ہمیشہ کارکنوں کو امن کا درس دیا، سیکڑوں ذمہ داران اور ہزاروں کارکنان کے جنازے اٹھا کر بھی کبھی ملک کے امن کو خراب نہیں ہونے دیا اور ہمیشہ انتظامیہ سے بھر پور تعاون کیا لیکن اس تعاون کا صلہ یہ دیا گیا کہ ہمارے ذمہ داروں کو گھروں پر چھاپے مار کر بیوی بہو سمیت گرفتار کرلیا گیا، آج ہمارے 20 سے زائد کارکنان لاپتا ہیں ان میں 5 کارکنان قاری نذیر، محسن، طلحہ، معاذ اور اشفاق 9 ماہ سے لاپتا ہیں، ابھی ہمارا احتجاج صرف 3 ضلعوں میں ہوا ہے

اگر مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج ڈویژنل سطح پر کیا جائے گا بعدازاں اسے ملک گیر سطح پر پھیلا دیں گے۔ علامہ ثناء اﷲ حیدری کا کہنا تھا کہ اگر فریق مخالف کی ذاتی لڑائی میں ان کا کوئی شخص ہلاک ہوجائے تو اس کا الزام ہم پر لگانا کہاں کا انصاف ہے، اگر ہمارے ساتھ مجرمانہ سلوک جاری رکھا گیا تو کارکنان ہمارے کنٹرول سے باہر ہوجائیں گے جس کے باعث ملک میں انتشار پھیلے گا اور قوم بغاوت کی طرف مائل ہوگی جو کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں۔