ملکی ٹرین کو غلط لائن پر ڈال دیا گیا ہے ،خالد سومرو

Khalid Soomro

Khalid Soomro

سکھر (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل و سابق سینیٹر علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ ملکی ٹرین کو غلط لائن پر ڈال دیا گیا ہے جس کے باعث پہلے بھی قوم حادثات کا سامنا کرچکی ہے مگر افسوس کہ مقتدر قوتوں نے اس سے سبق حاصل نہیں کیا، اگر اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے تو خدانخواستہ ملک بہت بڑے حادثے سے دوچار ہو سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع سکھر کے زیر اہتمام روشن آباد میں منعقدہ شہدائے اسلام کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کی غلط اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک شدید مسائل اور مشکلات کا شکار بنا ہوا ہے، انہوں نے پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کو مغربی ممالک و یہودیوں کا ایجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تیس نومبر کا جلسہ بھی 14 اگست کی طرح گزر جائیگا، عمران خان اشتہاری بن چکے ہیں وہ بھی بہت جلد قادری صاحب کی طرح لندن بھاگ جائینگے

دریں اثنا کندھ کوٹ بائی پاس پر واقع الحافظ ریسٹورنٹ اورشادی ہال میں پریس کانفرنس کے دوران انہون نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی پی نے پانچ بار ایک دوسرے کو طلاق دی اسکے باجود بھی انکا سیاسی نکاح نہیں ٹوٹا ،حکمران قومی خزانے کو اپنے آبائو اجداد کی جاگیر سمجھ کر لوٹ رہے ہیں، سندھ کے عوام نے کرپٹ پی پی کو ووٹ دیکر اپنے پائوں پر خود کلہاڑا چلایا ہے۔