سری لنکا نے بھارت میں رسوائیوں کی نئی تاریخ رقم کر دی

Sri Lanka vs India

Sri Lanka vs India

رانچی (جیوڈیسک) سری لنکا نے بھارت میں رسوائیوں کی نئی تاریخ رقم کر دی، پانچویں ون ڈے میں 3 وکٹ کی شکست سے وائٹ واش کا داغ ماتھے پر سجا لیا۔

بھارتی ٹیم نے 287 رنز کا ہدف سیکنڈ لاسٹ اوورمیں ہی 7 وکٹ پر حاصل کرلیا، ویرات کوہلی نے ہیلی کاپٹر شاٹ پر چھکا جڑ کر جیت پر مہرثبت کی، کپتان 139 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، اجنتھا مینڈس نے 4 اور میتھیوز نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل سری لنکا نے 8 وکٹ پر 286 رنز بنائے، انجیلو میتھیوز کی پہلی ون ڈے سنچری بھی ٹیم کے کسی کام نہیں آئی، دھوال کلکرنی نے 3 جبکہ اکشر پٹیل اور ایشون نے دودو وکٹیں لیں۔

سری لنکا کیلیے ہنگامی طور پر بھارت کے ساتھ طے پانی والی سیریز رسوائیوں کی داستان ثابت ہوئی ہے، پہلی مرتبہ اسے 5 میچز کی سیریز میں وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ بھارتی بیٹسمینوں نے اس دوران رنز کی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے مجموعی طور پر پانچ بیٹسمینوں نے سنچریاں جڑیں جس میں روہت شرما کی ڈبل سنچری بھی شامل تھی۔

اس بارویرات کوہلی نے ناٹ آؤٹ 139 رنز بنائے، دھونی کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنے والے کوہلی نے ہدف کے قریب ٹیم کو پہنچانے کے بعد فنشنگ میں بھی دھونی کی کمی محسوس نہیں ہونے دی بلکہ سیکنڈ لاسٹ اوور میں انھوں نے ہیلی کاپٹر شاٹ کھیل کر پیچھے لانگ آن کی جانب چھکا جڑ کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا، انھوں نے 126 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکے اور 12 چوکے جڑے، امباتی رائیڈو نے بھی 69 رنز اسکور کیے۔

مینڈس نے 4 اور میتھیوز نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل سری لنکن کپتان میتھیوز نے بھی ناٹ آئوٹ139 رنز ہی بنائے، یہ ان کی 6 سالہ ایک روزہ کیریئر میں پہلی تھری فیگر اننگز ہے، انھوں نے 116 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 10 چھکے جڑے جبکہ 6 چوکے بھی لگائے۔ لاہیرو تھریمانے نے 52 رنز اسکور کیے۔