سوئی گیس جیسی نعمت سے استفادہ حاصل کرنا ہمارا بھی حق ہے۔ محمد یٰسین

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) سوئی گیس جیسی نعمت سے استفادہ حاصل کرنا ہمارا بھی حق ہے۔ سیاسی بنیادوں پر امتیازی سلوک کا نشانہ بنانا علاقہ کی عوام کیساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق کونسلر یونین کونسل بھروکی چیمہ ملک محمد یٰسین نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی سیاسی قیادت نے ویروکی کے عوام کیساتھ سوتیلی ماں والا سلوک شروع کررکھا ہے۔ مین گیس پائپ لائن سے ایک فرلانگ سے بھی کم فاصلہ پر واقع گائوں ویروکی کو آج تک سوئی گیس کی سہولت فراہم نہیں کی گئی جبکہ تین کلومیٹر دور واقع گائوں منظور آباد میں سوئی گیس آئے 6,7برس سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر گرڈ اسٹیشن منظور آباد روڈ یا جوندہ کالونی سے ویروکی کو سوئی گیس فراہم کی جائے تو اس پر اتنے اخراجات نہیں آتے مگر مقامی سیاسی قیادت کی عوامی مسائل سے چشم پوشی اور امتیازی سلوک کا شاخسانہ ہے کہ آج تک گائوں ویروکی کو سوئی گیس جیسی نعمت سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ کی گلیاں ،نالیاں ٹوٹی پھوٹی اور مین سڑک بھی عرصہ دراز سے شکست وریخت کا شکار ہے مگر کوئی بھی سیاسی لیڈر یا تحصیل انتظامیہ اہل علاقہ کے مسائل کی جانب توجہ دینے کو تیار نہیں۔

ملک محمد یٰسین نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ویروکی کو جلد ازجلد سوئی گیس کی سہولت فراہم کی جائے اور علاقہ کے دیگر مسائل کی جانب بھی توجہ دی جائے۔