مقبوضہ کشمیر: 3 نوجوانوں کی شہادت کیخلاف مکمل ہڑتال مظاہرے جھڑپیں

Kashmir

Kashmir

کولگام (جیوڈیسک) جنوبی ضلع کولگام کے بیشتر علاقوں میں تین نوجوانوں کی شہادت پر وادی میں مکمل ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں معمول کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔

قصبے میں کئی مقامات پر فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ واضح رہے کہ کولگام کے ژنہ گام فرصل علاقے میں گذشتہ روز بھارتی فوج نے 2کشمیری شہید کر دئیے تھے جس کے بعد احتجاجی مظاہرین پر فورسز کی مبینہ فائرنگ سے ایک اور نوجوان دم توڑ گیا تھا۔

اس سلسلے میں ضلع کولگام کے قیموہ، ژنہ گام اور دیگر نواحی علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی اور ضلع کے بیشتر علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔ضلع میں امن و قانون کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور فورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی تاہم کئی جگہوں پر نوجوانوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے پتھرائو شروع کردیا جس کے نتیجے میں مین چوک اور قاضی گنڈ اڈہ کے قریب سی آر پی ایف کی ایک گاڑی اور عام شہریوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔