لیہ : ایف اے اور ایف ایس سی 2014 کے امتحانی نتائج کا اعلان

Layyah

Layyah

لیہ (نامہ نگار) ایف اے اور ایف ایس سی 2014 ء کے امتحانی نتائج، ممتحن حضرات نے ڈیرہ ڈویژن کے 3 ہزار سے زائد طلباء اور طالبات کا مستقبل تاریک کر دیا۔ ری چیکنگ کے دوران جنوبی پنجاب کے سٹوڈنٹس کے ساتھ امتیازی سلوک کا بھانڈا پھوٹ گیا۔

ایف اے ، ایف ایس سی 2014 ء کے حالیہ امتحانی نتائج میں ڈیرہ ڈویژن کے لائق ترین متوقع پوزیشن ہولڈز کے ایک یا ایک سے زائد مضامین میں فیل ہونے یا امتحانی نتائج میں انتہائی کم نمبرز آنے پر ڈیرہ ڈویژن کے ہزارو بچوں اور ان کے والدین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جس پر ڈیرہ بورڈ کو 3 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے ری چیکنگ اور کم نمبرز آنے کی درخواستیں دے دیں۔

جس پر محکمہ تعلیم پنجاب کی منظوری سے ایجوکیشن بورڈ ڈیرہ غازی خان نے درخوست دہندہ سٹوڈنٹس کو مرحلہ وار ڈیرہ بورڈ طلب کر کے امتحانی پرچہ جات کی ری چیکنگ شروع کر دی ہے۔ نمبرز شدہ پرچہ جات سامنے آنے پر طلباء و طالبات ، ان کے والدین اور بورڈ انتظامیہ کے چشم کشا حقائق سامنے آرہے ہیں۔ مشاہدہ کے باوجود صحیح جوابات کے باوجود ممتحن حضرات نے پرچہ جات غلط کر دیا۔ اور کسی کے درست جوابات کے باوجود ان کے کم نمبرز کر دیئے گئے ہیں۔

لیہ کے ہونہار سٹوڈنٹس نہیہ شیخ ، صبا شیخ ، کائنات مظہر ، فاطمہ مظہر سمیت لیہ کے 900 سے زائد طلباء اور طالبات نے ڈیرہ بورڈ میں غلط مارکنگ کے خلاف درخواستیں دے رکھیں ہیں۔ کنٹرولر امتحانات ڈیرہ غازی خان نے رابطہ پر کہا کہ واقع ہی بعض ممتحن حضرات کی غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی وجہ سے بعض بچوں کو نقصان ہوا ہے۔