آرمی چیف جنرل راحیل کی امریکی عہدیداروں سے ملاقات

General Raheel Sharif

General Raheel Sharif

واشنگٹن (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف آئندہ دو روز کے دوران امریکی آرمی چیف سمیت کئی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل نے امریکی حکام کو بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے امریکی سینٹرل کمانڈ کا دورہ کیا اور کمانڈر جنرل لوئیڈ آسٹن اور دیگر عسکری حکام سے ملاقات کی۔ سینٹرل کمانڈ کے حکام سے ملاقات میں جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد سیکورٹی کی صورت حال پر غور کیا گیا، جنرل آسٹن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان فوج کے کردار، اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیابیوں کا اعتراف کیا۔ دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ،، پاکستانی فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بعد پاک۔ امریکا تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنرل راحیل آئندہ دو روز کے دوران امریکی آرمی چیف جنرل “رے ۔ اوڈیئرنو”، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارٹن ڈیمسی، اور نائب وزیر دفاع “رابرٹ ورک” سے ملاقاتیں کریں گے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغانستان میں نیٹو اتحادی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل جوزف اینڈرسن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشن سے حقانی نیٹ ورک ٹوٹ چکا ہے۔