بہاولنگر (جیوڈیسک) بہاولنگر کے علاقے مروٹ میں واپڈا نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے دوران پولیس اور علاقہ مکینوں میں جھڑپ ہوگئی ، جس پر پولیس نے کریک ڈائون کیا اور متعدد افراد کو حراست میںلے لیا۔
بہاول نگر کے نواحی علاقہ 341 ایچ آر میں واپڈا کے نادہندہ گان سے واجبات کی وصولی کے لئے پولیس نے چھاپا مارا ، جس پر اہل علاقہ اور پولیس میں جھڑپ ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کے لوگوں نے پولیس کی 5 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور اہلکاروں پر تشدد کیا۔
لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس اُن کے گھروں میں زبر دستی گھس گئی ، توڑ پھوڑ کی اورگھروں کے باہر موجود کپاس کے ڈھیر میں آگ لگا دی۔ پولیس نے کریک ڈائون کر کے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔