کراچی (خصوصی رپورٹ) شاہ فیصل کالونی میں آج حضرت امام زین العابدین کا یوم شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا ،اس موقع پر قدیم ماتمی جلوس علم و ذولجناح اور تابوت امام بارگاہ حسینی مشن شاہ فیصل کالونی نمبر 4 سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قصر ابوطالب کربلا شاہ فیصل کالونی نمبر 5 پر اختتام پذیر ہوگا ،جلوس کے حفاظتی و بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری کی
صدارت میں امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز اور جلوس پرمٹ ہولڈر کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران اور شاہ فیصل کالونی کے ایس ایچ او نسیم فاروقی نے شرکت کی اجلاس میں منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ یوم شہادت حضرت زین العابدین کے موقع پر شاہ فیصل کالونی میں منعقد ہونے والی مجالس اور ماتمی جلوس کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دیا گیا اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ عشرہ محرم الحرام کے دوران بلدیاتی سہولیات اور عزداروں کو مجالس و جلوس کے موقع پر مثالی حفاظتی انتظامات منتظمین اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں کے باہمی تعاون کی بدولت یقینی بنا یا گیا رکن صوبائی اسمبلی نے امام بارگاہوں کے منتظمین ،ٹرسٹیز اور جلوسوں کے پرمٹ ہولڈرز کو مکمل تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ انشا اللہ 25محرم الحرام یوم شہادت حضرت امام زین العابدین کے موقع پر بھی باہمی تعاون اور مشاورت کے ساتھ انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جائے گا اس موقع پر منتظمین کی جانب سے تجاوزات کے حوالے سے پیش کئے
مسائل پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی کہ جلوس برآمد ہونے سے قبل راستوں کو تجاوزات ،رکاوٹوں کو ہٹا دیا جائے انہوں نے بلدیاتی اداروں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ جلوس سے قبل روٹس پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے اور جہاں مسائل ہوں وہاں ہنگامی بنیاد پر اقدامات کرتے ہوئے اسے حل کیا جائے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے کہا کہ شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے تحت شہادت امام زین العابدین کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوس کے روٹس پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے اور جلوس سے قبل روٹس سے ہر قسم کی رکاوٹوں کا خاتمہ کردیا جائیگا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے منتظمین کو یقین دلا یا کہ انشا اللہ شہداء کربلا کے چہلم تک امام بارگاہوں کے اطراف اور مجالس گاہوں پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے انتظامات باہمی مشاورت کے ساتھ انجام دیئے جائیں گے ۔