پاکستان کو فیلڈنگ میں بہتری لانا ہو گی، حنیف محمد

Haneef Muhammad

Haneef Muhammad

کراچی (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو فیلڈنگ میں بہتری لانا ہو گی، دبئی ٹیسٹ کا پہلا دن نیوزی لینڈ کے نام رہا جس نے ٹاس جیتنے کا بھر پور فائدہ اٹھایا، دوسرے روز پاکستانی بولرز کو بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ کیویز کو پچ کے بارے میں اندازہ تھا چنانچہ انھوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دن بھر میں3 وکٹیں گنوا کر 243 رنز جوڑ لیے، البتہ انھوں نے تمام دن قدرے سست روی کے ساتھ بیٹنگ کی اور پلیئرز زیادہ کھل کر نہیں کھیل سکے، انھوں نے کہا کہ سنچری بنانے والے ٹام لیتھم کی بیٹنگ میں اعتماد نظر آیا، کیچز ڈراپ کرنا مہنگا ثابت ہوتا ہے، پاکستان کو فیلڈنگ میں بہتری لانا ہو گی، ٹرن لیتی ہوئی وکٹ پر نئی گیند لینا سمجھ میں نہیں آیا۔

انھوں نے کہا کہ دوسرے دن کے ابتدائی سیشن میں پاکستانی بولرز کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے وکٹیں حاصل کرنا ہونگی، نیوزی لینڈ وکٹ پر رک کر450 رنز تک اسکور کرنے کی کوشش کریگا، دوسری جانب ہمارے بیٹسمین بھی بھر پور فارم میں ہیں، وہ بھی اپنی اننگز میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔