انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے نئے اختیارات کی منظوری دیدی

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے ریٹرننگ افسروں اور انتخابی عملے کو الیکشن کمیشن کے ماتحت کرنے، انتخابی نشان الاٹمنٹ کے طریقہ کار اور الیکشن کمیشن کے اختیارات کی منظوری دے دی۔

چیئرمین زاہد حامد کی زیرصدارت انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ریٹرننگ افسران اور انتخابی عملے کو الیکشن کمیشن کے ماتحت کرنے کی منظوری دی جائے۔

کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن قواعد کی خلاف ورزی پر ریٹرننگ افسران، انتخابی عملے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے خلاف براہ راست کارروائی کر سکے گا۔

کمیٹی نے کسی سیاسی جماعت کا انتخابی نشان کسی اور امیدوار کو الاٹ کرنے پر پابندی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ چیئرمین زاہد حامد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار کو اپنی سیاسی جماعت کے ہی انتخابی نشان پر الیکشن لڑنا ہو گا۔ کمیٹی نے انتخابی نشان الاٹمنٹ کے طریقہ کار اور الیکشن کمیشن کے اختیارات کی بھی منظوری دے دی ہے۔