کراچی (جیوڈیسک) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت ملیر اور سینٹرل جیل کی سیکیورٹی کو مزید موثر اور فول پروف بنانے کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔
جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حفاظتی اقدامات کے طور پر ملیر اور سینٹرل جیل کراچی کے گرد 200 میٹر کے ایریا میں جائیداد کی خرید وفروخت اور کرایہ داری کے حوالے سے تمام معاملات متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کردی گئی ہے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ایسٹ زون منیر احمد شیخ ، ایڈیشنل کمشنرکراچی ون محمد اسلم کھوسو، ڈی آئی جی جیل خانہ جات اشرف علی نظامانی، پاکستان رینجرزکے ڈی ایس آر اعجاز احمد ، ایس ایس پی سینٹرل جیل قاضی نظیر احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے،کمشنر کراچی نے اس موقع پر کہا۔
کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلے سے متعلق بورڈ آف ریونیو کے ذریعے متعلقہ سب رجسٹرارز کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں، انھوں نے کہا کہ متعلقہ علاقوں کے مالکان اور خریدار اپنے مفاد میں کمشنر آفس سے جاری ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
اجلاس میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات اور ڈی آئی جی پولیس ایسٹ زون نے جیل سیکیورٹی کے حوالے سے درپیش مشکلات ، تجاویز اور حل کے بارے میں تفصیلات بتائیں، اجلاس میں جیلوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے بھی کیے گئے، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی آج کراچی سبزی منڈی میں ویلفیئر اسپتال کا افتتاح کریں گے، فروٹ منڈی ویلفیئر اسپتال شیریں اعوان میموریل ٹرسٹ کے تحت قائم کیا گیا ہے۔
یہ ہسپتال فریش فروٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی محمد زاہد اعوان کے زیر سرپرستی خدمات انجام دے گا،علاوہ ازیں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی وسماجی ترقی اور خوشحالی کے لیے معیاری تعلیم بہت ضروری ہے، اس کے بغیر جدید ترقی اور جدید دنیا کے تقاضے پورے کرتے ہوئے آگے بڑھنا ممکن نہیں، وہ آئی بی اے میں مختلف پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ہیومن ریسورسز ، ہیلتھ کئیر مینجمنٹ اور سپلائی چین اہم ترقی کے انڈیکیٹرز ہیں ان کے بغیر معاشی استحکام اور اداروں کی بہتر اور جدید مینجمنٹ کا کوئی تصورنہیں، تقریب سے آئی بی اے کے سینٹر برائے ایگزیکٹیو ایجوکیشن کے سربراہ ڈاکٹر اظہار حسین نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں کمشنر کراچی نے کیک کاٹ کر ڈپلومہ پروگراموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپلومہ پروگراموں کی فیکلٹی ارکان بھی مو جو د تھے۔