انتظامیہ کے سامنے ہوٹل مافیا شہریوں کی جانوں سے کھیلنے لگی، وزیراعلیٰ سے کاروائی کا مطالبہ

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) انتظامیہ کے آنکھوں کے سامنے ہوٹل مافیا شہریوں کی جانوں سے کھیلنے لگی۔ عوامی، سماجی حلقوں کا وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری کاروائی کا مطالبہ۔ شہراورگردونواح میں قائم چھوٹے بڑے ہوٹلوں پر حفظان صحت اصولوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے کھانوں کی تیاری کی جاتی ہے۔

سستے اورناقص میٹریل سے تیار ہونے والے کھانے مہنگے داموں فروخت کر کے نا صرف انسانی جانوں سے کھیلا جارہا ہے بلکہ شہریوں کی جیبوں پر بھی ہاتھ صاف کیا جاتا ہے۔ کچہری کے شمالی گیٹ کی جانب قائم ہوٹل پر باسی اور گندے گوشت سے کباب تیار کئے جاتے ہیں۔

گزشتہ روز شہری عابد پرویز نے اپنی دکان عابد موویز پر آئے دوستوں کے کیلئے کھانا منگوایا تو شامی کبابوں سے بدبو آرہی تھی اور روٹیاں بھی کچی اور کم وزن تھیںشکایت پر متذکرہ ہوٹل کے مالک نے ناصرف شہری کو بدتمیزی کا نشانہ بنایا بلکہ اپنے کباب اور روٹیاں واپس لینے سے بھی انکار کردیا۔

عوامی، سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہوٹل مافیا نے اودھم مچا رکھا ہے اور انسانی جانوں کیساتھ کھیلنے کا دھندہ عرصہ دراز سے شروع کررکھا ہے ہوٹلوں پر صفائی کا کوئی اہتمام نہیں کیا جاتا جبکہ تھرڈ کلاس میٹریل کا استعمال کیا جاتا ہے۔ تحصیل انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ذمہ داران سب کچھ جانتے ہوئے بھی آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔