بھارت میں لڑکیوں پر جینز پہننے اور موبائل کے استعمال پر پابندی

Jeans

Jeans

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے 46 دیہاتوں میں لڑکیوں کے جینز پہننے، موبائل فون اور انٹرنیٹ استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں پنچایت نے لڑکیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ جینز نہ پہنیں، موبائل فون اور انٹرنیٹ استعمال نہ کریں۔ یہ فیصلہ ضلع مظفر نگر کے 46 گائوں پر لاگو ہو گا۔

پنچائیت کے سربراہ چودھری نریش کاکہناہے کہ جینز مغربی ثقافت کا حصہ ہے جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہورہا ہے ۔پنچایت کے فیصلوں کے خلاف خواتین کے حقوق کی تنظیمیں میدان میں نکل آئی ہیں قومی کمیشن برائے خواتین کی رکن، ثمینہ شفیق، سماجی کارکن برکھا شُکلا اور آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمن ایسوسی ایشن کی رکن میمونہ ملا نے پابندیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

پنچایت نے لوگوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کااستعمال نہ کریں۔ جینز، انٹرنیٹ اور موبائل فون سے متعلق پنچایت کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں خواتین کے خلاف جرائم بڑھتے جا رہے ہیں۔