کوئٹہ (جیوڈیسک) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انسداد پولیو انجکشن کی خصوصی مہم کا آغاز کوئٹہ سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خصوصی مہم چوبیس تا چھبیس نومبر چلائی جائے گی۔
پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے ذرائع نے بتایا کہ کوئٹہ میں خصوصی انسداد پولیو مہم دو مرحلوں میں چلائی جائے گی، پہلے مرحلے میں شہر کی اٹھارہ حساس یونین کونسلوں میں ننانوے ہزار آٹھ سو اسی بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی۔
خصوصی مہم کے دوران انسداد پولیو انجکشن آزمائشی بنیادوں پر صرف دو سال سے کم عمر بچوں کو لگائے جائیں گے جس کے ساتھ ان بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
دو سال سے زائد عمر کے بچوں کو صرف انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق وفاق نے انسداد پولیو انجکشن کی ایک لاکھ تیرہ ہزار پانچ سو خوراک پر مشتمل کھیپ حکومت بلوچستان کے حوالے کر دی ہے۔