آرٹس کونسل میں فرد واحد مسلسل صدر، سیکریٹری کے عہدے پر براجمان ہے، شیخ راشد عالم

karachi

karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز سماجی کارکن معروف صنعتکاراور چیئرمین ایف پی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی برانڈ زپرموشن اینڈ پروٹیکشن شیخ راشد عالم نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل میں فرد واحد ہی مسلسل سات سالوں سے صدر، سیکریٹری کے عہدے پر براجمان ہے۔

پاکستان کی ٹاپ تھری آڈٹ کمپنیاں اگر آرٹس کونسل کو کلین چٹ دے دیں تو شہر قائد اتحاد پینل اپنے تمام اعتراضات واپس لینے کو تیار ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے براڈ کاسٹرز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ راشد عالم نے مزید کہا کہ سات سالوں سے برسراقتدار گر وپ نے غیر آئینی طریقے سے ساڑھے چار ہزار افراد کو آرٹس کونسل کا ممبر بنایا۔

ان میں سے بیشتر افراد ایسے ہیں جہنیں میچور ہونے سے پہلے ہی ممبر بناکر ادارے کی تذلیل کی گئی گو رننگ باڈی کے بیشتراراکین آرٹس کونسل نہیں آسکتے ان کے ناموں کو استعمال کرکے فائدہ اٹھایا جارہا ہے ۔کسی بھی معاملے پر گورننگ باڈی سے رائے نہیں لی جاتی صرف ایک شخص ہی ادارے کے تمام فیصلے کرتاہے ۔شعرائ،ادیب،صحافیوں ،فنکاروں کا اگر آرٹس کونسل میں الیکشن کرایا جائے تو مخالف پینل کو بری طرح شکست ہو گی۔ آرٹس کونسل کے ممبران کی فیس کا پیسہ ادارے پر ہی خرچ ہونا چاہیے لیکن ایسا نہیں ہوتا۔

آرٹس کونسل کو کمرشل ادارہ بناکر شاعر،ادیبوں کا حق مارا گیا۔شیخ راشد عالم نے بتایا کہ فنانشل رپورٹ الیکشن والے دن صبح ہونے والے جنرل باڈی اجلاس میں پیش کی جاتی ہے تاکہ کم وقت میں کوئی اس پر اعتراض نہ کرسکے طریقہ کار کے مطابق فنانشل رپورٹ دو ہفتہ قبل ممبران کے گھروں پر بذریعہ ڈاک ارسال کی جانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ 17سال یاور مہدی نے آرٹس کونسل کا اقتدار سنبھالا لیکن ان کی مالی حیثیت میں کوئی فرق نہیں آیا۔

کمشنر کراچی کے آفس میں احتجاج کرنے کے بعد ہمیں گزشتہ سال کے جنرل باڈی اجلاس کے منٹس فراہم کئے گئے اس سال بنائے جانے والے 450ممبران آرٹس کونسل کے ممبر نہیں بلکہ وہ برسر اقتدار گروپ کے ووٹر ہیں۔

اس موقع پر ریڈیو پاکستان کراچی کے سابق اسٹیشن ڈائریکٹر یاور مہدی، ایس ڈی کراچی اسٹیشن خلیل چنا،اقبال سیوانی ،نور اللہ بگھیو،میثاق حسین زیدی،مبارک زماں خان ،سبط اصغر بلگرامی ،شگفتہ آفتاب،رابیعہ اکرم،حجاب عباسی و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔