اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے والے ملک کو ترقی وخوشحالی کے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش ناکام ہو گی۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ملک میں توانائی کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، دھرنے والوں کی خواہش ہے کہ لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہو لیکن ہم توانائی بحران ختم کرکے دم لیں گے۔
ہماری حکومتی مدت میں ہی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہی قوم کی سب سے بڑی خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہونے پر بہت دکھ ہوا لیکن دورہ چین کے دوران طے پانے والے 19 معاہدے خطے کی تقدیر بدل دیں گے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ تیل کی قیمتوں میں کمی کر کے بہت خوشی ہوئی اور اس سے عوام کو ریلیف ملا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں اور تیل کی قیمتیں آئندہ ماہ بھی کم کریں گے جبکہ حکومت کسانوں کی مشکلات حل کرنے کے لئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔