واشنگٹن (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کےخلاف بلاتفریق اور فیصلہ کُن کارروائی کر رہا ہے، خطے میں جلد امن لوٹ آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں مثبت رہیں۔واشنگٹن کے پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ عشائیے میں موجود امریکی اور پاکستانی شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان اور حقانی گروپ سمیت تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جارہی ہے
صرف شمالی یا جنوبی وزیرستان میں نہیں بلکہ پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی ان کارروائیوں کے سبب خطے میں جلد امن لوٹ آئے گا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا دورہ امریکا کے دوران امریکی حکام سے ہونے والی ملاقاتیں مثبت رہی ہیں، عالمی برادری، خاص طور پر امریکا کی جانب سے تعاون کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغانستان کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں اور آپریشن مکمل عزم اور جذبے کے ساتھ جاری ہے۔