واشنگٹن: آرمی چیف جنرل راحیل کی امریکی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں

Gen Raheel

Gen Raheel

واشنگٹن (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ امریکا میں اہم سیاسی اور فوجی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان وافغانستان ڈینیل ایف فیلڈ مین سے ملاقات کی اور افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

پاکستانی عسکری وفد نے امریکا کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس سے بھی ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اورامریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان کی صورتحال سے متعلق دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے پہلے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ امریکی سینیٹ کی منتخب کمیٹی برائے انٹیلی جنس اور امورخارجہ کمیٹی سے بھی ملاقات کی۔

امریکی سینیٹ کی دونوں منتخب کمیٹیوں نےپاکستانی وفد سے دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق کوششوں پربات کی۔ پاکستانی وفد نے امریکی حکام کو بریفنگ دی کہ پاکستان تمام دہشت گرد گروپس کو بلاتقریق ختم کررہاہے۔ امریکا نے پاکستان سے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان کا کہنا ہےکہ خطے میں امن و استحکام کےخلاف برسرپیکار کسی بھی گروپ کے خلاف کارروائی کے لیے پر عزم ہے۔ ادھر ترجمان پینٹاگان کا کہناہےکہ جنرل راحیل شریف کی فوجی حکام سے ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی امور پر بات چیت کی گئی۔ امریکی اور پاکستانی حکام کی ملاقات میں دو طرفہ پائیدار شراکت کاعہد بھی دہرایا گیا۔