کمسن بچے پر مکینک اور اسکی بیوی کا تشدد، بیٹوں کی بد فعلی

Hyderabad

Hyderabad

حیدرآباد (جیوڈیسک) حیدرآباد میں کاروں کی ورکشاپ پر کام کرنے والے کمسن بچے کو مکینک اور اس کی بیوی نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، متاثرہ بچہ انصاف کے حصول کیلئے حیدرآباد پریس کلب پہنچ گیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ بچے سبحان نے کہا کہ وہ ڈیرہ غازی خان کا رہائشی ہے اور 10ماہ قبل اس کا چچا اسے شریف نامی شخص کی کاروں کی ورکشاپ پر چھوڑ گیا تھا اور وہ ملازمت کے بعد اپنے استاد شریف کے گھر پر ہی رہتا تھا

متاثرہ بچے نے بتایا کہ مکینک استاد شریف کے 2 بیٹے اسے بدفعلی کا نشانہ بنارہے تھے اور جب اس بات کی شکایت میں نے اپنے مالک اور اس کی بیوی سے کی تو انہوں نے بجائے اپنے بیٹوں سے بازپرس کرنے کے الٹا مجھے ہی لوہے کی چین اور بیلٹ سے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا جس کے باعث میری حالت غیر ہوگئی، تشدد کا نشانہ بنانے کے بعدانہوں نے مجھے گھر سے باہر نکال دیا، جس کے بعد علاقہ مکینوں نے مجھے پریس کلب پہنچایا ہے، متاثرہ بچے نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے ساتھ بدفعلی کرنے اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،پریس کلب سے متاثرہ بچے کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے۔