لاہور (جیوڈیسک) معروف ماڈل واداکارہ ماہرہ خان نے بھی بالی ووڈ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا، ماڈل واداکارہ ماہرہ خان جو ماہ رواں بھارت گئی ہوئی تھیں جہاں ان کا بھارتی ٹی وی چینل سے مقبول ٹی وی ڈرامہ ’’ہمسفر‘‘ آن ائیر ہوا ہے، جس کو پاکستان کی طرح بھارت میں بھی بے حد پسند کیا گیا ہے۔
ماہرہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ٹی وی ڈراموں کو جس طرح سے سراہا جارہا ہے وہ خوش آئند ہے۔ میرے لیے یہ بڑا سرپرائز تھا کہ بھارتی عوام اور میڈیا مجھ سمیت دیگر پاکستانی ٹی وی فنکاروں کے بارے میں جانتے ہیں، پاکستان کی طرح ڈرامہ ’’ہمسفر‘‘ کو بھارت میں بھی مقبول ہوا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی ٹی وی ڈرامہ کو بھارت کی صورت میں بڑی مارکیٹ مل گئی ہے، جس سے ہمیں فائدہ اٹھاتے ہوئے کام کے معیار کو اور زیادہ بہتر بنانا چاہیئے۔ پاکستانی ٹی وی ڈرامہ پہلے سے ہی بھارت میں مقبول ہیں، مگر ان ڈراموں کو دکھانے کا باقاعدہ چینل اب کھولا گیا ہے۔
جس سے دونوں ممالک کی عوام اور فنکاروں ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ ماہرہ خان نے کہا کہ بالی ووڈ بڑی انڈسٹری ہے اور اس میں کام کرنا ہر اداکار کا خواب ہے، مجھے بھی اگر کسی اچھے بنیر کا معیاری پراجیکٹ کی آفر ہوئی تو ضرور کام کروں گی۔
پاکستانی فنکاروں کی بالی ووڈ میں کام کرنے کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کے لیے خوشی بات ہے اور ہم ان کی کامیابیوں کے لیے دعا گو ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ کے کسی بھی فنکار کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوں مگر کچھ ایسا نہیں کروں گی جو میرے اور ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بنے۔ ماہرہ خان نے کہا کہ میں شعیب منصور کی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے اپنی فلم میں کام کرنے کا موقع دیا، میرا فلم میں کام کرنے کا یہ تجربہ کامیاب رہا اور ایک اور فلم سائن کی ہوئی جس کی شوٹنگ جلد ہی شروع ہونے والی ہے۔